یہ 9 کام آپ کی عمر میں اضافہ کر سکتے ہیں
Lسائنس طویل عمر پانے والے افراد کی زندگیوں پر تحقیق کر رہی ہے جس کے نتیجے میں ان کی لمبی زندگی کے راز دنیا کے سامنے آ رہے ہیں۔
طویل زندگی ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے۔ اپنی اس خواہش کو پورا کرنے کے لئے لوگ طرح طرح کے پاپڑ بیلتے ہیں۔ کچھ لوگ مخصوص غذا کھاتے ہیں تو کچھ ایک خاص طرح کی ورزش کرتے ہیں۔ ان رازوں میں سے نو راز یہاں درج ہیں۔ ان پر عمل کریں اور لمبی زندگی جیئیں۔
تعلیم حاصل کریں
یونیورسٹی آف ایڈن برگ کی جینیات پر ایک تحقیق کے مطابق ایسے لوگ جو تعلیم حاصل کرتے ہیں، ان کی زندگی ان لوگوں کی نسبت لمبی ہوتی ہے جو کہ کم تعلیم یافتہ ہوتے ہیں۔ تعلیم کے حصول کے لئے صرف کیا گیا ہر ایک سال ان کی زندگی میں ایک سال کا اضافہ کرتا ہے۔
سگریٹ نوشی ترک کریں
یونیورسٹی آف ایڈنبرگ کی اسی تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جو لوگ ایک دن میں سگریٹ کی پوری ڈبی پیتے ہیں، ان کی زندگی سے سات سال کم ہو جاتے ہیں۔ اس لئے لمبی زندگی پانے کے لئے سگریٹ نوشی کو ترک کر دیں۔
ورزش کریں
ورزش انسان کو کئی اقسام کی بیماریوں اور قبل از وقت موت سے بچاتی ہے۔ جو لوگ ورزش کرتے ہیں وہ چست ہوتے ہیں۔ ان کی زندگی بھی طویل ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ ورزش بھی اعتدال میں رہتے ہوئے کرنی چاہیے۔ ماہرین کے مطابق ایک صحت مند جسم کے لئےہفتے میں پانچ دن ورزش کرنا کافی ہے۔
وزن قابو میں رکھیں
ایک طبی تحقیق میں یہ معلوم کیا گیا کہ جن لوگوں کا وزن زیادہ ہوتا ہے ان کی زندگی بھی کم ہوتی ہے۔ وزن میں ہر کلوگرام کے اضافے سے انسانی زندگی سے دو ماہ کم ہو جاتے ہیں۔ اس لئے اپنا وزن قابو میں رکھیں۔
وقت پر کھانا کھائیں
وقت پر کھانا کھانا بھی زندگی لمبی کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ چینی قوم دن کے بارہ بجے دوپہر کا کھانا اور شام پانچ بجے رات کا کھانا کھا لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی عمر طویل ہوتی ہے۔
دن میں بیس بار ہنسیں
ہنسنا انسان کی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔ ایک عام اندازے کے مطابق ایک بالغ انسان دن میں پانچ سے پندرہ بار ہنستا ہے جبکہ ایک بچہ سو سے زائد دفعہ ہنستا ہے۔ ہنسی انسان کے دفائی نظام کو مضبوط بناتی ہے، سٹریس ہارمونز کو ربط میں لاتی ہے اور ٹی سیلز کو متحرک کرتی ہے جو کہ کینسر کے سیلز کے خلاف مدافعت کا کام سر انجام دیتے ہیں۔
سیب کا جوس پئیں
مشہور ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے انسان ڈاکٹر سے بچا رہتا ہے۔ ایک طبی تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ سیب کا جوس انسان کی جوانی کو لمبے عرصے تک برقرار رکھتا ہے۔ اس کے لئے دن میں دو بار سیب کا جوس پینا چاہیے۔
پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کریں
یورپین ہارٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے افراد جو اپنی دن بھر کی خوراک میں پھل اور سبزیوں کے آٹھ یا اس سے زائد حصے کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماری سے مرنے کا خطرہ کم پایا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پھل اور سبزیوں میں ایسے وٹامن اور اینٹی اوکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم کے دفائی نظام کو مضبوط بناتے ہیں اور عمر میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔
اچھے دوست بنائیں
آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق قریبی دوست اور رشتےداروں سے اچھے تعلقات رکھنے سے انسان سو سال کی زندگی پا سکتا ہے۔ دوست انسان کا ایک نفسیاتی سہارہ ہوتے ہیں جو انسان کو ٹینشن ختم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ اچھے دوستوں کی صحبت انسان کی عمر میں بھی اضافے کا باعث بنتی ہے۔ ایک دوسری تحقیق کے مطابق انسان کو کم از کم چھ بے لوث دوست بنانے چاہیے۔