ہر گھر کے کچن میں کوکنگ آئل لازمی موجود ہوتا ہے، اگر کھانے پکانے کا اہم اور بنیادی جزو کوکنگ آئل کو کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، لیکن جہاں کوکنگ آئل کے بے شمار فوائد ہیں وہیں اس کے نقصانات بھی ہیں اور خصوصاً استعمال شدہ کوکنگ آئل کا دوبارہ استعمال صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ استعمال شدہ کوکنگ آئل کا بار بار استعمال آئل میں بڑی تعداد میں آزاد زرات پیدا کردیتا ہے۔ یہ آداز زرات انسانی جسم میں جاکر خون کے ساتھ مل جاتے ہیں جو کہ کئی خطرناک بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ جن میں کینسر اور کولیسٹرول شامل ہے۔ اس کے علاوہ آزاد زرات شریانوں میں رکاوٹ کا باعث بھی بنتے ہیں جس سے سانس کی تکلیف ہوتی ہے۔ استعمال شدہ کوکنگ آئل کو ایک سے زائد مرتبہ استعمال کرنے سے انسانی جسم میں کئی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں ان میں معدے میں تیزابیت، دل کی بیماری، دماغی امراض، چلنے میں لڑکھڑاہٹ کی بیماری اور گلے کی بیماریاں شامل ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق ڈیپ فرائی کے لئے استعمال ہوا آئل ایک سے زائد مرتبہ استعمال کرنا صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔ استعمال شدہ آئل کو اگر دوبارہ استعمال کرنا ہے تو ان باتوں کا خیال رکھا جائے کہ آئل کے استعمال کے بعدا سے ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیا جائے پھر اسے ایک ہوا بستہ (ائیر ٹائٹ) ڈبے میں رکھ دیں اور پھر کچھ دن کے بعد اس آئل کا استعمال کریں تو یہ انسانی جسم کو نقصان پہنچانے سے روک سکتا ہے۔ آئل کو دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ آئل کا رنگ کیسا ہے اور اس میں کتنا گاڑھا پن ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آئل کا رنگ پہلے سے گہرا ہوگیا ہے اور وہ پہلے سے زیادہ گاڑھا ہے تو اس کا مطلب آئل استعمال کے قابل نہیں ہے اسے فوراً پھینک دینا بہتر ہے۔ آئل کو گرم کرتے وقت اگر اس میں معمول سے زیادہ دھواں بنے تو مطلب یہ بھی اب قابل استعمال نہیں ہے اور اس کا استعمال صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

Share This

Share This

Share this post with your friends!