ٹماٹر کا جوس وزن کم کرنے میں مددگار

ٹماٹر ایک ایسا پھل ہے جو ہر سبزی میں استعمال ہوتا ہے ۔ ٹماٹر غذائیت اور منرلز سے بھرپور پھل ہے، اس میں موجود بیٹا کیروٹین اور لیوپیین آنکھوں کی بینائی کے لئے بے حد فائدہ مند ہے، اس کے علاوہ لیوپیین کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ ٹماٹر میں شامل وٹامن c کی کثیر مقدار قوت مدافعت اور جلد کی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ ٹماٹر میں پوٹاشیم کا ذخیرہ موجود ہے جو نا صرف جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے ، بلکہ بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول میں رکھتا ہے۔ ٹماٹر کے بے شمار فوائد میں ایک یہ بھی شامل ہے کہ اس کا استعمال وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے اور اگر فوری وزن کم کرنا ہے تو اس کا جوس بنا کر پی لیا جائے۔ ٹماٹر کے جوس میں انتہائی کم کیلوریز پائی جاتی ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق 100 گرام ٹماٹر کے جوس میں صرف 17 کیلوریز ہوتی ہیں، ٹماٹر میں پانی کا ذخیرہ موجود ہے اور تقریباً 94 فیصد ٹماٹر صرف پانی ہے۔ وزن کم کرنے کے لئے تب ہی ٹماٹر کے جوس کا استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس کے پینے کے بعد پیٹ اتنا بھر جاتا ہے کہ بھوک کا احساس نہیں ہوتا۔ ٹماٹر میں اینٹی آکسائڈنٹ لیوپین کثرت سے پایا جاتا ہے جو کہ میٹابولزم کو بڑھتا ہے، اور میٹابولزم کا کام جسم میں موجود فالتو چربی کو ختم کرنا ہے جس سے وزن کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ لیوپین کا کام کولیسٹرول لیول کو برقرار رکھنا ہے، یہ آنکھوں اور قوت مدافعت کا بھی خیال رکھتا ہے۔ ٹماٹر فائبر سے بھرپور ہے جو کہ کھانے کو فوری ہضم کرنے کے لئے کار آمد ثابت ہوتا ہے۔ رس دار ٹماٹر انسانی جسم میں فائبر کی کمی کو پورا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جو افراد ٹماٹر کا استعمال صرف فائبر کےلئے کرتے ہیں تو ان کو چاہئے کہ وہ ٹماٹر کا جوس نہیں بلکہ کچا ٹماٹر کھائیں کیونکہ وہ زیادہ فائدہ مند ہے۔ ٹماٹر میں تیزی سے چربی ختم کرنیوالے امینو ایسڈز موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق ٹماٹر میں کارنیٹن نامی امینو ایسڈکی موجودگی انسانی جسم میں تیزی سے چربی کو کم کرتے ہیں جو کہ موٹاپے میں کمی کا سبب بنتا ہے۔ خیال رہے کہ ٹماٹر کا پیکٹ جوس لینے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس میں شکر کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہے جو کہ وزن میں کمی نہیں کرتا بلکہ صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔