امریکا میں ایک آرٹسٹ نے دنیا کا سب سے وزنی، طویل اور اونچا ہتھوڑا بنایا، جسے تکمیل کے اگلے ہی روز چوری کرلیا گیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کیلی فورنیا میں ایک فنکار نے انتھک محنت کے بعد ایک ایسا شاہکار بنایا تھا جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لئے پیش کیا جاسکتا تھا۔ آرٹسٹ ڈووج ینکری نے برسوں کی محنت کے بعد لوہے اور لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے 21 فٹ طویل اور 6 فٹ اونچا ہتھوڑا تیار کیا تھا۔ 1 ہزار پائونڈ وزنی ہتھوڑے کی تیاری کے لئے انہیں 15 ہزار امریکی ڈالر کا قرضہ بھی لینا پڑا تھا۔ فنکار نے عظیم الحبثہ ہتھوڑے کی تیاری کے لئے 8 معاون کاریگر بھی رکھے تھے جنہوں نے ڈووج کی سربراہی میں شاہکار کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے شب و روز محنت کی۔ ڈووج ینکری نے کہا کہ منفرد اور اچھوتے خیالوں کو حقیقت میں تبدیل کرنا مسرت آمیز تجربہ ہوتا ہے اور اس ایک لمحے کے حصول کے لئے برسوں محنت کرنا پڑتی ہے۔ آرٹسٹ کی خوشی اس وقت ماند پڑگئی جب اس عظیم الحبثہ ہتھوڑے کو چوری کرلیا گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ ہتھوڑے کو معاون کاریگروں نے چرایا ہوگا۔ پولیس جلد ملزمان تک پہنچ جائے گی۔

Share This

Share This

Share this post with your friends!