بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی،تدفین آج ہو گی

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان پہنچادی گئی، انہیں آج جاتی امرا میں نواز شریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ لندن سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی میت کے ساتھ نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہلخانہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور برجیس طاہر سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات لاہور پہنچیں۔ کلثوم نواز کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔ سابق خاتون اول کی میت شریف میڈیکل سٹی لائی گئی جہاں نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام جاتی امرا کے شریف میڈیکل سٹی گرائونڈ میں ہی ادا کی جائے گی اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، جناز گاہ میں صفحوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جب کہ لائوڈ سپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں